چنیوٹ؛   ڈی سی  اور ایم پی اے  مولانا محمد الیاس کا  ڈسٹرکٹ کمپلیکس  کی سائٹ کا دورہ، تعمیراتی  کام کا  جائزہ لیا

41

چنیوٹ، 09 مئی  (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید  نے ایم پی اے مولانا محمد الیاس چنیوٹی کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس چنیوٹ کی سائٹ کا دورہ کیا اور وہاں جاری باؤنڈری وال و دیگرکاموں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر اور ایم پی اے کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے بتایا کہ چالیس کروڑ کی لاگت سے دو سال میں یہ منصوبہ مکمل ہو گا۔ ڈسٹرکٹ کمپلیکس 2 سو کنال پر مشتمل ہو گا اور ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں سرکاری دفاتر،سٹاف کی رہائشیں شامل ہیں، ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر چنیوٹ کے شہریوں اور سٹاف کیلئے اچھی خبر ہے،اسکی تعمیر سے ایک ہی جگہ پر تمام سرکاری دفاتر موجود ہونگے۔

ایم پی اے مولانا محمد الیاس چنیوٹی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس ہر ضلع کی ضرورت ہوتا ہے، ہم سال 2009سے اسکے لیے کوشاں تھے، الحمد اللہ پچھلے دنوں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڈ نے اسکا سنگ بنیاد رکھا، اسکے بعد سے کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید کی بھرپور کاوشوں کو سراہا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں اسکا کام مکمل کروائیں گے اور ضلع بھر میں مزید ترقیاتی منصوبے شروع کروائیں گے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد خالد، اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ بلال بن عبدالحفیظ، ایکسین و ایس ڈی او بلڈنگ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران، ریونیو سٹاف اور کنٹریکٹر بھی موجود تھے۔