مظفرگڑھ،27مئی(اےپی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑہ کیپٹن ریٹائرڈ طارق ولایت نے شہریوں کے لیے اوپن ڈور پالیسی کے تحت دفتر پولیس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے احکامات جاری کیے۔
ترجمان پولیس مظفرگڑھ کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ کیپٹن ریٹائرڈ طارق ولایت نے دفتر پولیس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ پچاس کے قریب شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے۔شہریوں کی سہولت کے لئے کمپلینٹ سیل میں بیٹھنے کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔درخواست گزاروں کے لیےمفت چائے،ٹھنڈا پانی، اے سی اور ٹی وی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر جا کر حل کرنا میری اولین ترجیح ہے،مظفرگڑھ ایک بڑا ضلع ہے، لوگوں کو دور دراز سے سفر کرکے دفتر پولیس آنا پڑتا ہے۔جس کے لیے مختلف تھانوں میں کھلی کچہریوں کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، جہاں پر میں خود جا کر لوگوں کے مسائل حل کروں گا۔