ٹنڈوآدم، 5 مئی (ای پی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بے نظیر سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے چار سالوں کے دوران بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوا،بے نظیر انکم سپورٹ کو نقصان پہنچا ، اب ہمارا ہدف اس پروگرام کو دس ملین خاندانوں تک پھیلانا ہے۔
جمعرات کو یہاں اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام 2008 میں شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت ملک کے غریب اور مستحق افراد کی مالی معاونت کی جا رہی ہے ، اس پروگرام کے تحت مختلف اوقات میں عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور اس وقت 80 لاکھ گھرانوں کی مالی امداد کی جا رہی ہے اور ہم اس دائرہ کار کو بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں وسیلہ حق اور وسیلہ روزگار 2 پروگرام ایسے تھے جن کو بھی نقصان پہنچایا گیا اب ہم ان پروگراموں کو دوبارہ مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ملک کے لوگوں کو فائدہ پہنچے۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کے تحت ملک کے غریب عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور ایسے پروگرام شروع کر رہے ہیں جو غریبوں اور ناداروں کے لیے سود مند ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف کہانیاں سنا رہے ہیں، ملک کے تمام لوگ پپلز پارٹی کے ساتھ ہیں اور انشاء اللہ آنے والے دور میں ملک کے وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔