ملتان؛پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،  40 کلو مضرصحت گوشت تلف،2 بیکریز کو 50 ہزار روپے جرمانہ

31

ملتان، 22 جون (اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صحت دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں جاری ، ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز مبشر رحمان کی سربراہی میں پولٹری شاپس، بیوریجز پلانٹس اور بیکریز کی چیکنگ کی گئی۔

 بہاوالدین زکریا ٹاؤن میں مردہ مرغیاں سپلائی کرنے والی گاڑی پکڑلی گئی، جس سے 40 کلو مضرصحت گوشت تلف کیا گیا۔ مضر صحت مرغیاں سپلائی کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کروادیا گیا ہے ۔ چاہ آرے والا میں مشروبات کی تیاری میں مصنوعی مٹھاس، کھلے اجزاء کے استعمال پر بیورجز پلانٹ مالکان کیخلاف ایف آئی آر درج کروادی گئی ہے۔ خوراک کی تیاری میں کھلے اجزاء کی ملاوٹ پر 2 بیکریز کو 50 ہزار روپے کے جرمانے کردیئے گئے ہیں،

مشینری کی صفائی نہ ہونے، خوراک کو ڈھانپ کر نہ رکھنے پر بیکریوں کو جرمانے کیے گئے ہیں ، کارروائیاں سبزہ زار اور پرانا شجاع آباد روڈ پر کی گئیں۔

اس حوالے سےڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب جدون نے کہا کہ عوام کو مردار گوشت کی ترسیل کرنے والے معاشرے کیلیے ناسور ہیں۔انہوں  نے کہا انسانی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔