وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف سےفیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے وفد کی ملاقات

7

لاہور،22جون(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف سےفہد بن محمد الباش کی زیر قیادت فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ سعودی وفد نے پنجاب میں زراعت، سوشل سیکٹر، لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار  کیا۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول ہے،وقت آگیا ہے کہ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو پائیدار معاشی شراکت داری میں بدلیں،اکنامک پارنٹر شپ کے فروغ سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور کہا کہ چولستان میں صحرا کی ہزاروں ایکڑ اراضی کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نخلستان میں تبدیل کیا جا سکتا ہے،پنجاب میں زراعت لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے،سعودی عرب پاکستان کا بہترین قابل اعتماد دوست ہےاور کہا کہ سعودی عرب نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے،پنجاب اور اس کے عوام سعودی عرب کے تعاون کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔

سربراہ سعودی وفد فہد الباش نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں زراعت، لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

صوبائی وزیر سردار اویس لغاری، خواجہ احمد حسان، عبدالعلیم خان، تہیہ نون، سائرہ افتخار، علی رضا، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ،  صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نعمان کبیر، دیگر عہدیداران اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔