پاک فضائیہ کے سربراہ سے اٹلی کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس جنرل اسٹاف کی ملاقات

2

 

اسلام آباد۔22جون  (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ  ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے  بدھ کو اٹلی کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس جنرل اسٹاف ایڈمرل  جوزپ کاوو ڈریگون  نے ملاقات کی ،علاقائی سلامتی کی صورتحال، باہمی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر خصوصی زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے  اٹلی کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس جنرل اسٹاف ایڈمرل  جوزپ کاوو ڈریگون  نے  پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے  کہا کہ اس تعاون  سے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے اور دونوں فریقین کے مابین باہمی مفاہمت اور تعاون میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے اٹلی اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں دونوں معززین نے تربیت اور خود انحصاری سمیت دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔