اس مہنگائی میں قومی سطح پر کفایت شعاری کی ضرورت ہے ؛ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

9

اسلام آباد،  16 جون  (اے پی پی ): وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے  جمعرات کو  یہاں  پریس کانفرنس  سے  خطاب  میں  کہا ہے کہ تیل ، بجلی ،گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کا مقابلہ کفایت شعاری سے ہی ممکن ہے ۔   انہوں نے کہا کہ  گرانفروش مافیا اور پٹرول پمپ مالکان ملکر عوام کی مشکلات اور مصیبتوں کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے قبل ہی پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی روک کر ناجائز منافع کمایا جاتا ہے ، مصنوعی قلت سے فائدہ اٹھانا کسی صورت درست نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات کا ادراک ہے ، مشکلات کو کم سے کم کرنے کے لئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات سے متفق ہیں کہ کفایت شعاری کے لئے مثال حکومت ہونی چاہیے ، سرکاری سطح پر بھی پٹرولیم اور گاڑیوں کے اخراجات میں کمی ہونی چاہیے ۔