ایبٹ آباد، یکم جون (اے پی پی ): کامسیٹس یونیورسٹی شعبہ الیکٹرک کے زیر اہتمام تعلیم و تحقیق پر مبنی پروگرام “انڈسٹریل ایکسپرٹ آن کیمپس” کا انعقاد کیا گیا۔نامور ملکی اور بین الاقوامی اداروں سے منسلک ماہرین نے طلبہ کو تعلیم و تحقیق کے جدید رجحانات سے متعلق اپنے تجربات سے آگاہ کیا،پروگرام میں شعبہ انجنئیرنگ سے وابستہ 800 سے زائد طلبہ اور سٹاف نے شرکت کی ۔
اس موقع پر داسو اور تربیلہ ڈیم کے سربراہان نے ملک میں پن بجلی کی پیداوار کے نظام کار سے طلبہ کو آگاہ کیا ۔ واپڈا کے ڈائریکٹر، ایس ای اور ایکس سی این پیسکو نے ملک میں توانائی کی ضرورت اور پیداوار میں فرق سے بھی طلباء کو آگاہی دی۔
انڈسٹریل ماہرین سے طلبہ نے سوالات جوابات کے ساتھ مختلف مسائلِ کی نشان دہی کی آور ان کے حل کے لیے تجاویز مانگیں۔ نجی سیمنٹ فیکٹری کے ماہر انجنیئر صاحبان نے بھی صنعتی میدان میں توانائی کی ضرورت و افادیت کے ساتھ اس شعبہ کے جدید رجحانات پر مبنی تجربات بھی طلبہ سے شئیر کیے ۔امریکی کمپنی سے منسلک عالمی ماہر انجنیئر نے بھی آن لائن طلبہ کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔
ڈائریکٹر کامسیٹس نے یونیورسٹی اور انڈسٹری کے مابین باہمی تعاون پر زور دیا۔ اور انڈسٹری کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کروائی۔