تمام محکمہ جات اینٹی ڈینگی ایکشن پلان کی ترجیحات پر عملدرآمد یقینی بنائے؛ڈپٹی کمشنر اٹک محمد ذوالقرنین

4

 

اٹک، 23 جون(اے پی پی ):  ڈپٹی کمشنر  محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ ضلعی و تحصیل سطح پر سرکاری محکمے اور انتظامیہ حکومت پنجاب کے مقررکردہ ایس او پیز کے مطابق اینٹی ڈینگی ایکشن پلان کی ترجیحات پر عملدرآمد یقینی بنائے، ڈینگی سیزن کے پیش نظر سرویلنس سسٹم کو پوری طرح مستحکم رکھتے ہوئے ڈینگی کی افزائش کو روکنے کے لئے تمام مؤثر اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے یہ ہدایات ڈینگی کنٹرول ایکشن پلان کی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی (ڈرک) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی جمع ہونے کے جملہ ذرائع کا مستقل خاتمہ اور ویکٹر سرویلنس کے دوران ملنے والے لاروا کی فوری تلفی سب سے اہم ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ دوروں کے دوران ٹائر شاپس کی متواتر چیکنگ کی جائے اور شاپس مالکان کو اس امر کا پابند بنایا جائے کہ وہ ٹائرز ہرگز باہر نہ رکھیں۔ انہوں نے پٹرول پمپس، گوداموں، جنک یارڈز سمیت ہاٹ سپاٹس پر اینٹی ڈینگی ایکشن پلان کے ایس او پیز کے مطابق سرویلنس مکمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد میں درکار راہنمائی کے لئے تمام محکموں کے افسران محکمہ صحت سے قریبی رابطہ رکھیں۔

ڈپٹی کمشنر  محمد ذوالقرنین نے ڈینگی کی افزائش کا باعث بننے والے عوامل کے مکمل سدباب کو یقینی بنانے کے لئے کمیٹی کے جملہ معاون شعبوں کے افسران کو تاکید کی کہ اس ضمن میں مؤثر سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔

ڈپٹی کمشنر ذوالقرنین نے میونسپل کمیٹیوں کے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ متعلقہ علاقوں میں ڈرینج اور عمومی صفائی کے عمدہ انتظامات روزانہ بنیادوں پر برقرار رکھتے ہوئے ڈینگی فری ماحول کی ترویج پر کامل توجہ مرکوز رکھی جائے۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور دیگر معاون محکموں کے افسران نے شرکت کی۔