جلالپور پیر والہ؛”کٹا بچاؤ پروگرام”،161 فارمرز میں  کل پندرہ لاکھ ترپن ہزار پانچ سو روپے کے چیک تقسیم

12

جلالپور پیر والہ،30 جون(اے پی پی ): جلالپور پیر والہ میں محکمہ لائیو سٹاک کی طرف سے “کٹا بچاؤ پروگرام” کے تحت کل161 فارمرز میں پندرہ لاکھ ترپن ہزار پانچ سو روپے تقسیم کئےگئے۔

 کٹا بچاؤ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ کیے گئے 161 کٹا پال حضرات میں حوصلہ افزائی کے چیک تقسیم کرنے کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک آفس جلالپور پیر والہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کٹا پال حضرات میں چیک تقسیم کئے گئے۔

اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک جلالپور پیر والہ ڈاکٹر جمشید اختر نے کٹا پال حضرات سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ تحصیل جلالپور پیر والہ میں  کٹوں کی رجسٹریشن کا دیا گیا ہدف پورا کیا گیا ہے،پھر محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیموں نے رجسٹرڈ کیے گئے کٹوں کو ٹیٹو لگاۓ۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ کیے گئے کٹوں کو مفت ویٹرنری سروسز مہیا کی گئیں، ہر 15 دن بعد رجسٹرڈ کٹوں کا وزن بھی کیا گیا تاکہ اسکیم کے مقصد کو پورا پورا حاصل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ آج اسکیم کے اختتام پر 161 کامیاب کٹا پال حضرات کو کٹا بچاؤ پروگرام کے تحت 6500 روپے فی کٹا کے حساب سے انعام دیا جا رہا ہے۔

آخر میں ڈاکٹر جمشید اختر کا کہنا تھا کہ  کٹا بچاؤ پروگرام کے ذریعے فارمرز کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ملک میں دودھ اور گوشت کی کمی کو بھی پورا کیا جا سکتا ہے۔