جلالپور پیر والہ ،15 جون (اے پی پی ): لائیو سٹاک کی ٹیمیں بڑی جانفشانی سے جانوروں میں پھیلنے والی جِلدی وبا کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں.
ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر منصور ملک صاحب کی ہدایت پرمحکمہ لائیو سٹاک کی ٹیمیں گاؤں گاؤں جا کر مویشی پال حضرات کو گلٹی دار جِلدی بیماری سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر بتا رہی ہیں جبکہ مفت ویکسین اور مفت علاج معالجہ کر رہی ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک جلالپور پیر والہ ڈاکٹر جمشید اختر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل جلالپور پیر والہ میں جانوروں کو لمپی سکن بیماری سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جانوروں میں گلٹی دار جِلدی بیماری مکھی مچھر اور چیچڑوں کی وجہ سے پھیلتی ہے جبکہ مویشی پال حضرات اپنے باڑوں اور فارم پر مکھی مچھر اور چیچڑ مار سپرے کروائیں۔انہوں نے کہا کہ مویشیوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کریں ،جانوروں کی گلٹی دار جِلدی بیماری انسانوں میں منتقل نہیں ہوتی اور جانوروں کا دودھ و گوشت انسانی استعمال کیلئے موزوں رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامات کی صورت میں متاثرہ جانوروں کو صحت مند جانوروں سے الگ رکھیں اور فارم یا باڑے پر غیر متعلقہ آمدورفت کو ختم کردیں تاکہ دیگر باڑوں تک بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے، تمام مویشی پال حضرات اپنے علاقے کے متعلقہ ویٹرنری ہسپتال سے رابطے میں رہیں۔