حکومت نے مشکل حالات میں متوازن، ترقی پسندانہ اور عوام دوست بجٹ دیا  ،  وفاقی وزیر خزانہ

5

اسلام آباد،23جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ  حکومت نے مشکل حالات میں متوازن، ترقی پسندانہ اور عوام دوست بجٹ دیا ہے، غریبوں کی بجائے امیروں پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا گیا ہے، عمران خان نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے کی نہج پر چھوڑ دیا تھا،  ملک کو مالیاتی طور پر مستحکم بنانے سے ہی خودمختاری حاصل کی جاسکتی ہے، حکومتی اقدامات سے ملک میں مالیاتی استحکام آرہا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر پاکستان کی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا،  بہت خوش آئند بات ہے کہ پی ٹی آئی کو مہنگائی کا احساس ہوگیا ہے۔

جمعرات کو یہاں وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیرخزانہ نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ امورپراہم پیش رفت ہوئی ہے اوراس ضمن میں آئی ایم ایف نے کل پریس ریلز بھی جاری کی ہے، اس سے مالیاتی استحکام کویقینی بنانے میں مددملے  گی، وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت نے مشکل حالات میں متوازن، ترقی پسندانہ اورتاریخی بجٹ دیا ہے، بجٹ میں عام آدمی پرکوئی اضافی ٹیکس عائد نہیں کیاگیا اورنہ ہی غریب آدمی پرٹیکسوں کابوجھ ڈالاہے، اس کے برعکس 15 کروڑ سے زیادہ آمدنی رکھنے والے لوگوں پرایک سال کیلئے 1 فیصد ٹیکس،20 کروڑپر2 فیصد، 25کروڑ پر3 فیصد اور30 کروڑ سے زیادہ آمدنی رکھنے والے لوگوں پر4 فیصد سپرٹیکس عائد کیاگیاہے۔کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ لوگ اس قابل ہے کہ مشکل وقت میں ٹیکس دے سکتے ہیں، اس کے علاوہ بعض صنعتوں پربھی ٹیکس عائد کیاگیاہے ، چینی کی صنعت پرٹیکس عائدکیاگیاہے، میری اپنی کمپنی کو 20 سے لیکر25 کروڑ اضافی ٹیکس دیناہوگا۔

 وزیر خزانہ نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ آسان نہیں تھا لیکن ایسا کرنا ضروری تھا، حکومت نے یہ فیصلہ کرکے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں اس سے ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے۔ کراچی سٹاک ایکسچینج میں تیزی آئی ہے، آج ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں پانچ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ کل چین نے پاکستان کے لئے 2.3 ارب ڈالر کا قرضہ منظور کیا ہے۔ چینی بنکوں کے کنسورشیم نے اس ضمن میں معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ پاکستان پہلے ہی اس معاہدے پر دستخط کر چکا ہے، کل یا پرسوں تک یہ معاونت پاکستان کو موصول ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ چین نے محفوظ ڈیپازٹس جن کی مدت ختم ہو رہی تھی، کو  ری رول کردیا ہے۔