اوکاڑہ،8جون(اے پی پی ):چیئرمین ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی و ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علاؤالدین نے کہا ہے کہ عام صارفین کی مشکلات کا حل اوولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، حکومت پنجاب عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کو ختم کرنے کے لئے تمام ضروری اقدمات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسنین خالد سنپال ،تاجر تنظیموں کے نمائندوں سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔
چیئرمین ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی و ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علاؤالدین اور ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ لوگوں کی مشکلات کا ادراک ہے، ان کے حل کے لئے عوامی نمائندے ،ضلعی انتظامیہ اور تاجر ایک پیج پرہوں گے تو ہماری کاوشوں کے بہتر نتائج نکلیں گے جائز منافع تاجروں کا حق ہے، اس سے انہیں نہیں روکیں گے لیکن تاجرذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کو اپنی صفو ں سے الگ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا از سر نو تعین کیا جائے، قیمتیں مقرر کرتے وقت زمینی حقائق کو مدنظر رکھا جائے، تاجر حضرات ان مشکل حالات میں اس بات کو مد نظر رکھیں کہ محروم معیشت لوگ کس صورت حال سے گزر رہے ہیں، ہمیں ان کا بھی خیال رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ہمیں اس بات کو مد نظر رکھنا ہے کہ ملک و قوم کی بہتری کے لئے ہر ذمہ دار کو اپنی سطح پر قربانی دینی ہے، غریب لوگوں کو مہنگائی سے بچانا ہے ۔
اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ آفیسر آئی پی ڈبلیو ایم تاجروں کے نمائندوں کے ساتھ فیصل آباد کی ہول سیل مارکیٹ کا دورہ کریں گے، ہول سیل مارکیٹ سے اوکاڑہ کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی ،قیمتوں کی صورتحال ،رسد و طلب اور لگاتار سپلائی کے معاملات سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے تعین کے سلسلہ میں بھی اپنی سفارشات پیش کریں گے۔
تاجروں کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ ریاض انور اور دیگر تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے یقین دلایا کہ وہ عوام کی ریلیف دینے کے لئے حکومتی اقدامات میں بھر پور تعاون کریں گے ۔