ملتان، 15 جون(اے پی پی):حکومت پنجاب کا گندم و آٹے کی سمگلنگ روکنے کیلئے ضلع بندی کا فیصلہ،ڈویژن کے چاروں اضلاع کے خارجی راستوں پر ناکے قائم کردیئے گئے ہیں۔
سیکرٹری فوڈ پنجاب نادر چھٹہ کی صدارت میں انتظامیہ و پولیس کا اجلاس ہوا ۔کمشنر انجنئیر عامر خٹک،ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ نادر چھٹہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی تاریخی سبسڈی کے ثمرات ہر صورت عوام تک پہنچائیں گے، فلور ملز سے آٹا پوائنٹس تک سپلائی چین کی کڑی مانیٹرنگ کررہے ہیں اور کہا بغیر پرمٹ گندم کا ایک دانہ ضلع سے باہر نہیں جانے دیا جائے۔
کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ محکمہ فوڈ کو مکمل معاونت فراہم کرے گی، چاروں اضلاع میں ناکوں پر ضلعی انتظامیہ کے ریونیو اہلکار بھی تعینات ہونگے اورکہا ڈپٹی کمشنرز سرکاری کوٹہ کی خلاف ورزی پر فلور ملز کیخلاف کریک ڈاؤن کریں ۔
ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ شہر اولیاء مین سستے آٹے کے 7 سو سے زائد پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں ، گندم ذخیرہ اندوزی پر لاکھوں روپے جرمانے اور 10 فلور ملز بھی سیل کی گئیں ہیں اور کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے سستے آٹے کے پوائنٹس میں مزید اضافہ کرینگے ۔
سیکرٹری فوڈ پنجاب نے ڈویژنل انتظامیہ کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔