اوکاڑہ،03جون(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا ہے کہ صارفین کو عام مارکیٹ سے کم قیمت پر معیاری پھل و سبزیاں فراہم کرنے کے لئے سبزی منڈی سے ملحقہ سستا ریڑھی بازار فعال ہے جہاں بہترین معیار کے پھل و سبزیاں صارفین کو ارزاں نرخوں پر فروخت کے لئے پیش کئے جا رہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سستے ریڑھی بازار کا دورہ کرتے ہوئے کیا بعد ازا ں ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے سبزی و فروٹ منڈی کا بھی دورہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی میں سبزیوں و پھلوں کے نرخ اور ان کے معیار کو چیک کیا ۔ انہوں نے سستے ریڑھی بازار کو سہولت اور کفایت قرار دیتے ہوئے کہا کہ غریب اور سفید پوش طبقہ کو مہنگائی سے بچانے اور انہیں مقررہ نرخوں پر پھلوں و سبزیاں اور کریانہ کی اشیاء کی فراہمی کے لئے ضلعی انتظامیہ دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔
ڈپٹی کمشنرزاہد پرویز وڑائچ نے سبزی منڈی میں خریداری کے لئے آنے والے صارفین سے سبزیوں کے قیمتوں بارے بھی دریافت کیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران و عملہ کو ہدایت کی کہ سبزیوں و پھلوں کی مقررہ نرخوں پر فروخت کے لئے سبزی و فروٹ منڈی میں دن کے مختلف اوقات میں دکانوں اور پھڑی والوں کو چیک کریں اور منڈی میں خریداری کے لئے آنے والے صارفین سے بھی گاہے بگاہے قیمتوں بارے دریافت کریں، عوام الناس کو مقررہ نرخوں پر اشیائے خورونوش فراہمی ہماری ذمہ داری ہے، لوگوں سے اشیائے خورونوش کی زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔
ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو سبزی و فروٹ منڈی میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی کروانے کے احکامات بھی صادر کئے ۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ملک راشد نعمت کھوکھر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔