سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی ملاقات، پیٹرول پر اٹھنے والے اخراجات پر 40 فیصد کٹوتی کا فیصلہ

23

اسلام آباد،10جون  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ  نے پیٹرول پر اٹھنے والے اخراجات پر 40 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا  ہے۔جمعہ کوسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور چئیر مین  سینیٹ  محمد صادق سنجرانی نے ملاقات کی۔ملاقات میں بجٹ اور پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے جاری اجلاسوں اور قانون سازی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک معاشی مشکلات سے دوچار ہے،سیاسی قیادت کو مل کر اس بحران سے نکالنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،عوام کے نمائندے ہیں، ان کی تکلیف کو محسوس کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں کفایت شعاری کو اپنانا ناگزیر ہے۔پیٹرول کی مد میں 40 فیصد کٹوتی کا اطلاق  سپیکر و ڈپٹی  سپیکر، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ،  و دیگر اعلی عہدیداران پر ہو گا۔اس کٹوتی کا اطلاق دونوں ایوانوں کے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور تمام افسران پر لاگو ہو گا۔