سکھر؛مستقبل کے معماروں کو بہتر تعلیم اور رہنمائی کی اشدضرورت ہے، یہی آگے چل کر ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالیں گے،علی رضا انصاری ایڈمنسٹریٹر

31

سکھر،02جون(اے پی پی): میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر علی رضا انصاری نے کہا کہ مستقبل کے معماروں کو بہتر تعلیم اور رہنمائی کی اشد ضرورت ہےکیونکہ یہی آگے چل کر ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالیں گے ،ملک کو درپیش مسائل کے حل اورملک کو ترقی پر گامزن کرنے کیلئے ضروری ہے کہ تعلیم کو فروغ دیا جائے ، تعلیم یافتہ قومیں ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ و صلاحیتیں علم حاصل کرنے پر صرف کریں اور اپنے والدین کی امیدوں کو عملی جامہ پہنائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  17 واں سالانہ 2022- 2021 کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مقامی اسکول میں روٹری کمپلیکس لان میں 17 واں سالانہ 2022- 2021 کانووکیشن کا انعقاد میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر علی رضا انصاری  کی صدارت  میں کیا گیا۔ روٹیرین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی جبکہ طلبہ و طالبات کے والدین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اسکول کے طلبہ اور طالبات نے ٹیبلوز پیش کئے جس سے حاضرین بہت محظوظ ہوئے۔

  علی رضا انصاری نے طلبہ و طالبات میں سالانہ امتحانات میں نمایاں کامیابی اور قابل ٹیچرز میں انعامات، سرٹیفیکٹ اور میڈل تقسیم کیئے، سال کا بہترین قاری کا ایوارڈ عبدالرافع اور بہترین نعت خواں کا ایوارڈ سید ایمان نےحاصل کیا جبکہ  بہترین اسپیکر نیہاں علی، بہترین کھلاڑی محمد طاہر، اسکول میں بہترین حاضری پر کاشف اور بہترین طالبہ کا ایوارڈ عطیقہ کو دیا گیا۔ ٹیچرز میں بہترین انچارج پرنسپل وجیہہ سید کو دیا گیا دیگر ٹیچرز میں مس کشمینہ، مس قراة، درِئے ثمین، مس ثناءاور مس حمیرا خان کو دیا گیا۔