سکھر؛ تیزآندھی اور طوفان کے ساتھ تیزبارش،گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار

7

سکھر،20جون(اے پی پی):دریائے سندھ کے کنارے واقع سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں تیز بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے جبکہ  برسات کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا  ہے اورمتعدد فیڈر ٹریپ  کر گئے۔

رات بارہ بجے کے قریب سکھر سمیت اندرون تیز آندھی اور مٹی کا طوفان آیا اس کے ساتھ ہی گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوئی۔آندھی کے باعث بجلی کے کھنبے اور درخت گر گئے اور کئی شہر تاریکی میں ڈوب گئے جبکہ کچے مکانوں کی چھتیں بھی اڑ گئیں۔وقفے وقفے سے ہونیوالی بارش کے باعث مختلف زیریں مقامات، سڑکوں اور  محلوں میں پانی جمع ہو گیا۔

سکھرکے علاقوں پرانا سکھر، نیوتاپنڈ، مائیکرو کالونی، بھوسہ لائن، مینارہ روڈ، گولیمار، گھنٹہ گھر، غریب آباد، اسٹیشن روڈ، حسینی روڈ اور دیگر علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا  جبکہ گھوٹکی، خیرپورسمیت مختلف علاقوں میں بجلی فراہم کرنے والے سیپکوکے درجنوں فیڈر ٹرپ  کر  گئے جس کے نتیجہ میں متعدد علاقوں  میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سکھرسمیت بالائی و شمالی سندھ کے دیگر شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی تھی۔