ملتان،20جون)اے پی پی ): سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر نے کہا ہے کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت نہیں رکھا جاسکتا، علاوہ ازیں شہر اولیاء میں “صاف پنجاب مہم” کامیابی سے جاری ہے۔اس سلسلے میں ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا 50 رکنی اسپیشل صفائی اسکواڈ متحرک ہے۔
سی ای او نے اہلیان ملتان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری کوڑا اور کچرا کنٹینر کے باہر پھینکنے سے اجتناب کریں کیونکہ کنٹینر سے باہر پھینکا جانیوالا کچرا مینول طریقے سے اٹھانا پڑتا ہے جسے اٹھانے پروقت ضائع ہوتا ہے جبکہ کنٹینر کے اندر جمع ہونیوالا کچرا مکینکل طریقے سے لفٹ کیا جاتا ہے جسے آسانی سے ٹھکانے لگایا جاسکتا ہے، شہری کوڑا اور کچرا کنٹیر میں ڈالیں اور کمپنی کے ساتھ تعاون کریں۔
سی ای اوملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمدفاروق ڈوگر کی ہدایت پر رواں ہفتے کا صفائی پلان جاری کردیا ہے،پلان کےمطابق سپیشل صفائی اسکواڈ نے سوموار کو سیداں والا بائی پاس سے بہاالدین زکریا یونیورسٹی تک روٹ کی صفائی سرانجام دی منگل کو کھاد فیکٹری سے این ایل سی بائی پاس روٹ پر صفائی کی جائے گی،بدھ کویونین کونسل نمبر36 کو زیرو ویسٹ کیا جائے گا۔
جمعرات کو ڈبل پھاٹک پرانا شجاع آباد روڈ سے ناگ شاہ چوک تک شاہراہ کو چمکایا جائے گا،جمعہ کے دن ٹینک چوک سے رضا آباد تک صفائی ستھرائی کی جائے گی، ہفتہ کے یوم یونین کونسل50 کو زیرو ویسٹ کیا جائے گا۔اسپیشل صفائی اسکواڈ کو ٹریکٹرز، لوڈر اور لوڈر رکشوں کی مدد حاصل ہے۔
اس کے علاوہ شہر کے ہرزون کے لئے تشکیل دی گئی چار صفائی ٹیمیں بھی”صاف پنجاب مہم”کو کامیاب بنانے کے لئے سرگرم ہیں اور روزانہ شہر کی چار یونین کونسلوں کے نظر انداز کئے گئے علاقوں کو زیرو ویسٹ کیا جارہا ہے۔