بہاولنگر،29 جون ( اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام ایمرجنسی و امدادی محکمے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں،دریائے ستلج میں طغیانی یا اربن فلڈنگ بارے محکموں کی تیاریاں مکمل ہونی چاہیے۔
یہ ہدایات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر نے منگل کو یہاں ضلع میں مختلف عوامی بہبود کے جاری اقدامات کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے دریائے ستلج میں پانی کی آمد و اخراج کے حوالہ سے محکمہ انہار اور ریسکیو1122کو مکمل نظر رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ کورونا کی چھٹی لہر کے باعث شہریوں کو کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور شہریوں کو بوسٹر ڈوز کی آگہی بارے مہم چلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی سے قبل عارضی مویشیوں منڈیوں کے قیام کے انتظامات مکمل کئے جائیں اور تمام مویشی منڈیاں شہری حدود سے باہر لگائی جائیں جبکہ شہر کے اندر کسی کو بھی قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت نہ کرنے دی جائے، عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لیے ضلع بھر میں 10عارضی سیل پوائنٹس قائم کیے جائیں گے جوکہ شہر کی حدود سے دور واقع ہوں گے۔
انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کو ہدایت کی کہ وہ لمپی سکن اور کانگو وائرس کے حوالہ سے ویکسین اور سپرے کا عمل تیزی سے جاری رکھیں جبکہ عارضی سمیت کیٹل منیجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام لگنے والی مویشی منڈیوں میں بھی لمپی سکن اور کانگو وائر س کے حوالہ سے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہیر عباس چٹھہ ،اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے موجود تھے۔