اٹک، 02 جون (اے پی پی): سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن پنجاب و سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ میں نے چھ حکومتوں کو اپنی آنکھوں کے سامنے گھر جاتے دیکھا لیکن کبھی کسی نے ملک توڑنے کی باتیں نہیں کیں جیسے عمران نیازی کر رہا ہے ابھی تو ہمارے دل سے مشرقی پاکستان کی جدائی کے زخم بھی نہیں بھرے اور عمران نیازی ملک کو تین ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی باتیں کر کے مزید انتشار پھیلا رہے ہیں ۔
جمعرات کو اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سدا کسی کی نہیں ہوتی آج ہے تو کل نہیں ہو گی لیکن حکومت جانے سے آپ کو جو ذہنی طور پر صدمہ پہنچا ہے اس کے سکون کے لئے کسی معالج سے رجوع کریں اور چار سال آپ نے جو اس ملک میں بگاڑ پیدا کیا ہے اب خدا کے لئے اس کو درست کرنے دیں اور سکون سے اس گند کو صاف کرنے دیں۔
شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ عمران نیازی نے جس طرح مسجد نبوی ﷺ میں نعرے لگوا کر توہین کی اور پھر علماء کرام سے متعلق بیان بازی کر کے اخلاقی گراوٹ کا مظاہرہ کیا اور اب ملک کی سلامتی سے متعلق بیان دے کر پوری قوم کے جذبات مجروح کئے ہیں ایسی باتوں سے ملک میں افراتفری مزید پھیلے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر عمران نیازی کو الیکشن کی اتنی ہی جلدی تھی تو خود اسمبلیاں توڑ کر جاتے اب جبکہ میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف پنجاب میں ہونی والی تباہی کا ازالہ کرنے اور ملک کو اپنے پاؤں پہ کھڑا کرنے کے لیے میاں نواز شریف کی سرپرستی میں دن رات محنت کر رہے ہیں تو خدارا اس میں بگاڑ پیدا نہ کریں مجھے یقین ہے جس خلوص نیت سے وہ دن رات محنت کر رہے ہیں اللہ تعالیٰ اس محنت کا پھل دے گا اور جب الیکشن کا وقت آئے گا تو قوم خود فیصلہ کر لے گی کہ وہ کس کے ساتھ کھڑی ہے۔