اوکاڑہ29جون(اے پی پی ):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال نے کہا ہے کہ ضلع کے امن وامان کے حوالے سے کسی فرد یا مسلک کے نمائندے کو ریڈ لائن کراس کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دے سکتے، قانون ہاتھ میں لینے والوں اور کسی مسلک کے حوالے سے سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی سمیت ان کے نام فورتھ شیڈول میں بھی شامل کیے جائیں گے، قانون کی پاسداری کا نفاذ معاشرے کے ہرفرد پر ہوتا ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹاجائے گا۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈپٹی کمشنرزاہد پرویزوڑائچ کے ہمراہ امن کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈی پی او محمد حسن اقبال نے کہا کہ عید الاضحی کی آمد سے قبل تمام مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور مدارس کی سیکیورٹی سخت کرنے کے ساتھ مویشی منڈیوں کے اطراف میں سیکیورٹی فول پروف بنانے کے احکاما ت صادر کردیئے گئے ہیں۔ لاؤ ڈاسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی ہے اذان اور جمعہ کے خطبہ کے علاوہ لاؤ ڈاسپیکر کے استعمال کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی کے اراکین ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور قانون کی وائیلیشن نہ کرنے کے حوالے سے تمام علماء کرام جمعہ کے خطبہ میں عوام الناس تک پیغام پہنچائیں۔
قبل ازیں امن کمیٹی کے اراکین نے سیکیورٹی سمیت امن وامان کے قیام کے حوالے سے ڈی پی او محمد حسن اقبال کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور یقین دہانی کروائی کہ امن وامان کے قیام اور قانون کی رٹ برقرار رکھنے کے حوالے سے امن کمیٹی کے اراکین اس سلسلہ میں مکمل تعاون کریں گئے۔