مستقبل میں مزید محکمے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل کئے جائیں گے؛  ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر

11

ملتان، 2جون (اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان اور بہالپور کی بلڈنگ کی تعمیر کے منصوبے کا  جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر محمدطاہر وٹو، ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈنیشن علی عاطف بُٹر،ایس او کوآرڈینیشن رانا مبشر  اور آئی ڈیپ کے پراجیکٹ منیجر اور ڈیزائن انجینئیرز نے شرکت کی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ  ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں مزید محکمے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل کئے جائیں گے، اس لئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان اور بہاولپور کی بلڈنگز میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھاجائے۔انہوں نے کہا کہ دونوں سیکرٹریٹ میں چیف منسٹر، چیف سیکرٹری اورایڈیشنل چیف سیکرٹری کےدفاتر قائم کئے جائیں گے جبکہ سیکرٹریٹ میں تمام سپورٹنگ سٹاف کو  کشادہ جگہ فراہم کی جائے گی۔

کیپٹن ریٹائرڈ  ثاقب ظفر نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں کارپوریٹ کلچر کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ملتان سیکرٹریٹ کی بلڈنگ منفرد طرز تعمیر کی حامل ہوگی جبکہ بہاولپور سیکرٹریٹ کی بلڈنگ مخصوص طرز تعمیر کی عکاس ہوگی۔

آئی ڈیپ کے پراجیکٹ منیجر نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ  504کنال رقبہ پر محیط جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان کی تعمیرتیزی سے جاری ہے جبکہ بہالپور سیکرٹریٹ 400 کنال پر تعمیر کیا جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان اور بہاولپور  سیکرٹریٹ میں آٹھ آٹھ  محکموں کے دفاتر تعمیر کئے جارہے ہیں جبکہ مستقبل میں ملتان میں10اور بہاولپور سیکرٹریٹ میں8مزید محکموں کے دفاتر تعمیر کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

اجلاس کوبتایا گیا کہ ملتان سیکرٹریٹ کی تعمیر کے لئے1ارب95 کروڑ روپے جاری کئے جاچکے ہیں۔ملتان سیکرٹریٹ میں سرکاری افسران کی رہائش گاہیں بھی تعمیر کی جارہی ہیں اور سیکرٹریٹ میں وسیع و عریض لان، پارکنگ، فلٹریشن پلانٹس اور سیکیورٹی کے منظم انتظامات کو مد نظر رکھا جارہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان سیکرٹریٹ کی بلڈنگ اگست2023 میں مکمل ہوجائے گی۔اجلاس میں ملتان اور بہاولپور سیکرٹریٹ کی بلڈنگز کی تعمیر میں درپیش مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔