ملتان،10 جون (اے پی پی ): جنوبی پنجاب کے شہریوں کیلئے صحت کے شعبے سے اچھی خبر،نشتر ہسپتال میں پیٹ سکین، سائکلوٹرون مشین انسٹال کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے اور حکومت پنجاب کی جانب سے 1 ارب کا چیک آئی ڈیپ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ کمشنر انجینئر عامر خٹک نے چیک آئی ڈیپ حکام کے حوالے کیا ۔ انہوں نے سکیم کو جلد شروع کرنے کی ہدایات بھی جاری کی۔
کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں نشتر ہسپتال پہلا ہسپتال ہے جہاں پیٹ سکین، سائکلوٹرون مشین انسٹال ہوگی۔
وائس چانسلر نشتر پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف نے کہا کہ پیٹ سکین، سائکلوٹرون مشین انسٹال ہونے سے متعدد بیماریوں کی تشخیص میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سائکلوٹرون سے بنائے گئے آئسوٹاپ مزید تشخیص کیلئے بھجوائے جاسکیں گے۔ انہوں نے کہا نشتر میں بنکر کی تعمیر کے بعد یہ مشین انسٹال کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پیٹ سکین کا مہنگا ٹیسٹ، نشتر میں مفت کیا جائے گا۔