ملتان، 15جون(اے پی پی ): سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگرنے شہر کادورہ کیا اور صفائی کا جائزہ لیا۔انہوں نے ڈیرہ اڈا ،نواں شہر، قدیر آباد، نشتروڈ، گلگشت، بوسن روڈ اور میٹرو روٹ کا معائنہ کیا اور شہر کی تمام شاہراہوں کی سکریپنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر نے کہاکہ شاہراہوں اور فلائی اوورز کے ڈیوائیڈرز کے ساتھ جمع ہونیوالی مٹی، شہر کا حسن گہنا دیتی ہے اس لئے کمپنی کے تمام ڈپٹی منیجرز آپریشنز ڈیوائیڈر کے ساتھ جمع ہونیوالی مٹی روزانہ کی بنیاد پر ہٹوائیں اور اس کے لئے باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ صفائی کے حوالے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ورکرز اور سپروائزرز کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے ۔
محمدفاروق ڈوگر نے مختلف علاقوں میں کوڑے اور کچرے کو آگ لگانے کے واقعات کا سخت نوٹس لیا اور انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کوغیرقانونی اقدام میں ملوث عناصرکے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔انہوں نے شہر میں صفائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور فیلڈ میں کام کرنے والے ورکرز کو شاباش دی۔