ملتان: موٹروے پولیس نے روڈیوزر کا گمشدہ موبائل ڈھونڈ کر واپس کردیا

67

ملتان،29جون(اے پی پی):موٹروے سنٹرل 2 زون بیٹ 24 موٹروے پولیس نے روڈیوزر کا گمشدہ موبائل ڈھونڈ کر واپس کردیا ہے۔

رحیم یار خان سے سفر کرنے والا نصیر اختر موبائل اُچ شریف سروس ایریا میں بھول گیا تھا، موٹروے پولیس نے موبائل متعلقہ روڈیوزر کو واپس کر کے ایمان داری اور فرض شناسی کی ایک اور مثال قائم کر دی ہے۔

 روڈیوزر نے سیکٹر -1، بیٹ 24 کی پٹرولنگ موبائل ٹائیگر کو 683 نارتھ لوکیشن کے قریب روک کر سروس ایریا میں موبائل جس کی مالیت 43000 تھی کی گمشدگی اور اپنی پریشانی کے بارے میں بتایا جس پر ایکشن لیتے ہوئے پٹرولنگ کار پر ڈیوٹی پر مامور پیٹرول آفیسر ساجد علی اور پیٹرول آفیسر زبیر مصطفیٰ روڈ یوزرز کو لیکر سروس ایریا پہنچے اور موبائل فون کی تلاش شروع کردی اور موبائل ڈھونڈ کر روڈیوزر کو واپس کر دیا۔

متعلقہ روڈیوزر نے موٹروے پولیس افسران کا بروقت کارروائی پر شکریہ ادا کیا ۔ سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے دونوں افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ فرض شناسی اور ایمانداری میں موٹروے پولیس کا کوئی ثانی نہیں ہے۔