ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا مٹی اٹھانے کے لئے خصوصی مہم  کا آغاز، شاہراہوں کی سکریپنگ کا ٹاسک

5

ملتان،24جون(اے پی پی):پری مون سون بارشوں کے باعث شہر کی سڑکوں کے اطراف میں جم جانیوالی مٹی ہٹانے کا کام تیسرے روز بھی جاری رہا۔ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے مٹی اٹھانے کے لئے خصوصی مہم شروع کردی ہے اور شہر کی تمام بڑی شاہراہوں کے ڈیوائڈرز اور فٹ پاتھوں کے ساتھ اکٹھی ہوجانے  والی مٹی کی سکریپنگ کی جارہی ہے۔مینوئل طریقے کے علاوہ فرنٹ بلیڈ ٹریکٹرز بھی سکریپنگ کے لئے استعمال کئے جارہے ہیں۔

ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے ورکرز کو شہرکی تمام شاہراہوں کی سکریپنگ کا ٹاسک دے دیا ہے۔اس سلسلے میں انہوں نے کہا ہے کہ گرم موسم اور تیز ہوا کے باعث ڈیوائیڈرز کے ساتھ اکٹھی ہو جانیوالی مٹی شہر میں گردوغبار کا باعث بنتی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوش گوار ماحول فراہم کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور کہا نماز جمعہ کے پیش نظر جامعہ مساجد کےاطراف میں خصوصی صفائی کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ہائیکورٹ، نشتر روڈ،کچہری روڈ اور ڈیرہ اڈا کی سڑکوں کے علاوہ میٹرو روٹ،چوک کمہارانوالہ سے جنرل بس اسٹینڈ روڈ، معصوم شاہ روڈ،ممتاز آباد کی سڑکوں کی سکریپنگ کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ  گھنٹہ گھر اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کے ایریا میں فٹ پاتھوں کی بھی  خصوصی صفائی کی جارہی ہے۔