نارووال،یکم جون ( اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور و ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ محمد وسیم اور ڈپٹی کمشنر نارووال امتیاز شاھد گوندل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کااجلاس منعقد کیا گیا،اجلاس میں مختلف گھی،کھانے کے تیل،دالوں،دودھ،دھی، چینی،روٹی،نان،مٹن،بیف،چاول سمیت دیگرمختلف اشیاءخوردونوش کی قیمتوں بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پرخواجہ محمدوسیم نے اجلاس میں شریک،فلورملز مالکان،قصائیوں کے نمائندوں،نان،روٹی بیچنے والوں کے نمائندوں سمیت کریانہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے کہا کہ میری گزارش ھے کہ آپ لوگ ہمارے ساتھ اپنے مسائل پر غور کریں تاکہ ہم مل کر مختلف اشیاء خرونوش کی ایسی مناسب قیمتیں تعین کر سکیں کہ جن سے نہ تو آپ لوگوں کا کاروبار متاثر ہو اور نہ ہی عوام پر ضرورت سے زیادہ بوجھ پڑ سکے۔
انہوں نے کہا کہ قیمتوں کے تعین کے بعد اگر کوئی بھی دوکاندار ان قیمتوں سے تجاوز کرتا ہوا نظر آگیا تو ایسی صورت میں کسی قسم کی نرمی کی کوئی گنجائش نہیں ہو گی۔
معاون خصوصی نے کہاکہ ہمارا عزم عوام الناس کو ہر صورت مہنگائی کی اس لہر سے محفوظ بنانا ہے۔انہوں نے افسران کوہدایت کی کہ اشیاء خرونوش کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ ان کی کوالٹی کے معیار کو جانچنے کی عمل کو بھی تیز کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نارووال امتیاز شاھد گوندل نے اس موقع پرکہا کہ ایسے لوگ جو خود کار مہنگائی کے ذمے دار ہیں ان کے لئے کسی قسم کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ کاروباری حضرات کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ لوگ جائز منافع کمائیں مگر حد سے زیادہ منافع کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکے گی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسرانڈسٹریزنارووال نے معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب اور ڈپٹی کمشنرنارووال کوگوجرانوالہ ڈویژن ودیگراضلاع میں اشیاء ضروریہ کے حوالہ سےرائج قیمتوں کےبارے تفصیل سے بریفنگ دی۔