وزیراعظم شہبازشریف کا تین روزہ دورہ ترکی، دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی 6 یادداشتوں پر دستخط، سفارتی تعلقات کے 75 سال شایان شان طریقے سےمنانے کا عزم

17

اسلام آباد، 02 جون  (اے پی پی ): وزیرِ اعظم شہباز شریف   نے 31 مئی سے 2 جون تک ترکی کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا، ترکی پہنچنے پر وزیراعظم شہبازشریف اور ان کے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا، وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کا ترکی کا یہ پہلا دورہ تھا، وزیراعظم شہبازشریف نے دورہ کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان سے انفرادی ملاقات کی ،  دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر تفصیلی بات چیت ہوئی، صدر اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا، دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی 6 یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

 دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر مشترکہ نشان جاری کیا گیا،دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کی ڈائمنڈ جوبلی شایان شان طریقے سےمنانے کا عزم کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شاندار میزبانی پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم شہبازشریف نے صدر طیب اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ دورہ کے دوران وزیراعظم نے ترکی کی ممتاز کاروباری اور مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے پاکستان ترکی بزنس کونسل فورم سے بھی خطاب کیا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے مصطفی کمال اتاترک کے مزار پر بھی حاضری دی اور  ترک وزیر خارجہ ، وزیر صحت اور وزیر تجارت سے بھی ملاقاتیں کیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے انقرہ میں موجود نیشنل لائبریری  کا بھی دورہ کیا، دورے کے دوران وزیرِ اعظم کو لائیبریری میں پاکستان کے حوالے سے کتب کا سیکشن بھی دکھایا گیا۔

وزیراعظم آج اپنا دورہ مکمل کرکے وفد کے ہمراہ وطن واپس روانہ ہو گئے،  ترک وزیرِ تجارت ڈاکٹر مہمت موش نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔