اسلام آباد،13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے موجودہ حکومت کی جانب سے گھی کی قیمتوں میں 250 روپے کی بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی 300 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگا، سستا آٹا سکیم کے تحت ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز پر 10 کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے، 2018ء میں آٹے کی قیمت 35 روپے فی کلو تھی جو پچھلے چار سال کے دوران 90 روپے سے 100 روپے فی کلو اور گھی 550 روپے سے 600 روپے فی کلو فروخت ہوتا رہا، پچھلی حکومت نے چار سال میں مافیا اور کارٹلز کی جیبیں بھریں، عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا گیا، یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے سبسڈی اور ریلیف دینے کے اقدامات کر رہی ہے۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی سستا آٹا سکیم کے بعد ملک میں سستا گھی سکیم شروع کی جا رہی ہے۔ یکم جون 2022ء سے خیبر پختونخوا میں یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے آٹے کی قیمت 400 روپے فی 10 کلو گرام فراہم کرنے کا منصوبہ شروع ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز میں آٹا، چینی اور دیگر اشیاء کی کمی کی شکایات کے لئے مانیٹرنگ نظام قائم کیا گیا ہے، پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو ذخیرہ اندوزی سمیت یوٹیلٹی اسٹورز پر فروخت ہونے والے آٹا، چینی اور گھی کو باہر مارکیٹ میں مہنگا فروخت کرنے جیسے معاملات کی نگرانی کریں گی۔ اس کے علاوہ یہ کمیٹیاں سمگلنگ کی بھی نگرانی کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ کمیٹیاں چیف سیکریٹریز کو اپ ڈیٹ دیتی ہیں اور وزیراعظم ہر ہفتہ اس حوالے سے اجلاس منعقد کرتے ہیں جس میں فوڈ سیکورٹی اور صنعت کے وزراء سمیت صوبائی چیف سیکریٹریز بھی شرکت کرتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے کی بنیادی وجہ آئی ایم ایف کا وہ معاہدہ ہے جو پی ٹی آئی کی حکومت نے کمزور بنیادوں پر آئی ایم ایف کے ساتھ طے کیا پٹرول کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے مطابق بڑھانا تھیں کیونکہ پاکستان جیسے ملک میں مہنگا پٹرول لے کر سستا نہیں بیچا جا سکتا، اس پورے خطے میں پٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی کی قیمتوں کے مطابق طے کی جاتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ساڑھے تین گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا اعلان کیا گیا ہے، زیادہ نقصان والے فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ زیادہ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 جون تک لوڈ شیڈنگ تین گھنٹے تک آ جائے گی جبکہ اضافی بجلی بھی سسٹم میں شامل کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں کارٹلز اور مافیا کی جیبیں بھریں جس کی وجہ سے آج ملک میں مہنگائی ہے۔