اسلام آباد،10جون(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری سے ورلڈ بینک کے وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی ہے۔ ورلڈ بینک کے وفد نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت جاری پروگراموں اور ادارتی اصلاحات پراطمینان کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے نکالے گئے لوگوں کو اپیل کا موقع دینا ان کا بنیادی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پاکستان کا بہترین سماجی تحفظ پروگرام ہے، ڈیٹا کی بنیاد پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو عالمی اداروں کے تکنیکی سپورٹ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات کے تناظر میں غریب افراد کو سرکاری امداد کی اشد ضرورت ہے ۔