پاکستان انجینئرنگ کونسل میں زیر زمین پانی کے موضوع پر قومی سطح کا سیمینار

4

اسلام آباد۔23جون  (اے پی پی):پاکستان انجینئرنگ کونسل میں زیر زمین پانی کے موضوع پر جمعرات کو قومی سطح کا سیمینار منعقد ہوا جس میں پاکستان بھر سے متعلقہ شعبہ سے منسلک سکالر ز اور انجینئرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس تقریب کے پہلے سیشن کے مہمان خصوصی آغا حسن بلوچ ، فیڈرل منسٹر فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور دوسرے سیشن کے مہمان خصوصی سید خورشید احمد شاہ فیڈرل منسٹر برائے آبی وسائل تھے۔  چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر محمد نجیب ہارون نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی وقومی سطح پر ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے زیر زمین پانی کی سطح تیزی سے گر رہی ہے، میٹھے پانی کی غیر دستیابی ہماری زراعت اور صنعتی ترقی کے لئے بہت دشواریاں پیدا کررہی ہیں ۔ پانی کی ضروریات کو پورا کرنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ آبی وسائل کی کمی اور دیگر ماحولیاتی آلودگی سے پیدا شدہ مسائل کے حل کے سلسلے میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تھنک ٹینک میں آبی وسائل کی ترقی کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لئے قابل عمل تجاویزپیش کرے۔ چنانچہ کمیٹی متعدد ماہرین سے ان کی تحقیق سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی سفارشات مرتب کررہی ہے۔ آج کا سیمینار بھی اسی سلسلہ کی ایک اہم کڑی ہے۔ انجینئرسید راغب عباس شاہ کنوینیر واٹر ریسورس کمیٹی پاکستان انجینئرنگ کونسل نے اس موضوع پرہونے والی پیش رفت سے شرکاء کو تفصیلی آگاہ کیا۔ دیگر ماہرین نے بھی پاکستان کو پانی کی کمی کے باعث درپیش مسائل اور ان پر قابو پانے کے لئے اپنی سفارشات پیش کی۔ سیمینار کے پہلے سیشن میں شرکت کرتے ہوئے فیڈرل منسٹر فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے حکومت پاکستان کی جانب سے ماہرین اور انجینئرز کو اس اہم مسئلے پرقابو پانے کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور ماہرین کے تحقیقی مقالوں اور دیگر کاوشوں پر ان کی تعریف کی انہوں نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کی نہایت اہم اور کار آمد کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید فرمایا کہ ہماری جامعات اور متعلقہ محکمے زیر زمین پانی میں اضافے کیلئے اور اس کو آلودگی سے بچانے کے لئے تحقیقاتی بنیادوں پر مختلف قابل عمل حل پیش کر رہے ہیں جو کہ انتہائی قابل ستائش کاوش ہے۔ سیمینار کے دوسرے سیشن میں شرکت کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ ملک میں درپیش آبی وسائل کی کمی کے باعث درپیش مشکلات اور حکومتی سطح پر ان کی بہتری کے لئے ہونے والی پیش رفت اور مستقبل کے حوالے سے حکومت پاکستان پوری طرح آگاہ اور مستعدہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ آبی وسائل کی کمی کا ہے اوراس مسئلے کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے نے انجینئرز پر زور دیا کہ وہ پانی کی اہمیت ، اس کی کمی سے پیدا ہونے والے مسائل اور اس نعمت کے تحفظ کے لئے قوم کو آگاہی دیں۔  تقریب میں چاروں صوبوں کے متعلقہ شعبوں سے منسلک ماہرین نے آبی وسائل پرصوبائی سطح پر ہونے والی پیش رفت سے شرکاء کو آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس کانفرنس کی سفارشات کومد نظر رکھتے ہوئے صوبائی سطح پر بھی زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری کے لئے کوششیں کی جائیں گی ۔  تقریب کے اختتام پر انجینئر محمد نجیب ہارون ، چیئر مین پاکستان انجینئرنگ کونسل نے تمام ماہر ین اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔