اسلام آباد،29جون (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لئے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا شکر گزار ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے بد ھ کو یہاں ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں وزیر دفاع نے صدیوں پرانی مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں سے پروان چڑھنے والے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لئے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا شکر گزار ہے۔
جوائنٹ بارڈر کمیشن (جے بی سی) کی اہمیت کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں اور اس سلسلے میں مشترکہ کوششیں کی ہیں۔وزیر دفاع نے کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان میں امن کے حصول کے لیے علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام سالوں کے بعد افغانوں کو امن، ترقی اور خوشحالی کی ضرورت ہے اور اس کے مستحق ہیں اور عالمی برادری کو اس راستے پر مضبوطی سے چلنے میں ان کی مدد کرنی چاہیے۔
ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دفاع اور توانائی کے شعبے میں وسیع تعاون کے امکانات رکھتے ہیں۔ طرفین نے مشترکہ مفاد کے مختلف شعبوں بشمول سلامتی ، انسداد دہشت گردی اور علاقائی اقتصادی روابط میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا ۔