لاہور ،05 جون (اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو چلانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر گرینڈ ڈائیلا گ کرنا ہو گا، قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دل بڑا کرنا اورا نا کو مارنا ہو گا۔
وہ اتوار کو یہاں انڈس ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے گرینڈ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، جس میں ملک کی ترقی سے منسلک تمام شعبے پر بات کی جائے۔ ہمیں ملک کو آگے چلانا ہے تو ہمیں بڑے پیمانے پر مذاکرات کرنے ہوں گے، ہمیں تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات جیت کرنی ہوگی۔ گرینڈ ڈائیلاگ کا مقصد یہ ہے اس میں صحت، تعلیم، صنعت اور زراعت کی ترقی کے لیے بات کی جائے، آئی ٹی سمیت متعدد ایسے شعبے ہیں جن میں یہ ملک بہت آگے بڑھ سکتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے صرف سیاست کی خاطر اتنا بڑا جرم کیا کہ لاکھوں لوگوں کو بے آسرا کر دیا، یہ دروازہ بند ہوجانا چاہیے کوئی آئے کوئی جائے صنعت، تعلیم، صحت، زراعت، معیشت پر سیاست کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے لیے دل چاہیے، بڑی سوچ چاہیے، اس کے لیے ہمیں اپنی ذات سے بالاتر ہونا ہوگا، اپنی انا کو مارنا ہوگا، یہ سب ہمیں اپنی قوم کے لیے کرنا ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ اگلی حکومت آئے اور پچھلی حکومت کے ادارے تباہ کردیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے تقدیر کو بدلنا ہے تواقبال کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔