پاکستان کی خارجہ پالیسی جغرافیائی محل و وقوع اور سیاسی معاملات کی وجہ سے متاثر ہوتی رہی؛ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

31

اسلام آباد،16جون  (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی جغرافیائی محل و وقوع اور سیاسی معاملات کی وجہ سے متاثر ہوتی رہی ہے ، بین الاقوامی تنازعات میں پاکستان کا کردار مفاہمت کا رہے گا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹیڈیز کے 49 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے بطور قوم پاکستان کو بہترین پوزیشن میں لانا ہے، ہمارے چین کے ساتھ بہت مضبوط تعلقات ہیں، سی پیک سے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، اقتصادی اور سفارتی سطح پر ہمارے پاس پوٹیشنل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں امریکا  اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان اب بھی عالمی طاقتوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرسکتا ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے لوگوں میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ دنیا میں کہیں بھی کام کرسکتے ہیں، ہمارے اپنے نوجوانوں کے لئے ترقی کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی کا براہ راست اثر ہر پاکستانی کی زندگی پر مرتب ہوتا ہے، ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ ہم اس وقت کہاں کھڑے ہیں، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کےلئے کام کررہے ہیں۔