پنجاب فوڈ اتھارٹی کا برف کے کارخانوں کیخلاف کریک ڈاؤن، ملتان اور خانیوال میں مجموعی طور پر  13 ایف آئی آر درج

18

ملتان، 29جون(اے پی پی):گرمیوں میں غیر معیاری برف کی تیاری اب اور نہیں،ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ محمد سیف کی زیرنگرانی ملتان ڈویژن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا برف کے کارخانوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا گیا اور پانی کا سیمپل فیل ہونے پر برف فیکٹری مالکان کیخلاف  ملتان اور خانیوال میں مجموعی طور پر  13 ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 7 فیکٹریوں کی اصلاح تک پروڈکشن بھی بند کردی گئی ہے۔

 ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب جدون نے کہا کہ 2200 کلو مضر صحت برف، 4,000 لیٹر حشرات زدہ اور غیر معیاری پانی تلف کردیا گیا ہے اور پانی میں آرسینک پائے جانے پر 11 فیکٹری مالکان کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی  جبکہ  زنگ آلود  بلاکس کا استعمال کرنے، صفائی نہ ہونے پر برف کی پروڈکشن بھی بند کی گئی ہے ۔ یہ کارروائیاں ہیڈ محمد والا، شجاع آباد، سمیجہ آباد، پرانی غلہ منڈی، انڈسٹریل شاداب کالونی اور مظفرگڑھ روڈ پر کی گئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  خانیوال کبیروالا میں 2 آئس فیکٹریز کےپانی میں آرسینک پائے جانے پر ایف آئی آر درج کروادی گئیں ہیں اور  کہا برف کی تیاری کے حوالے سے   غفلت برتنے پر سخت ایکشن لیا جارہا ہے اوربرف کی کوالٹی چیک کرنے کیلیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف مربوط پالیسی اپنائی جارہی ہے۔