چنیوٹ؛ ضلع بھر کی تینوں تحصیلوں میں دوسرے روز بھی کچہریاں لگائی گئیں ، سائلین کو ریلیف فراہم کیا گیا

4

چنیوٹ،02 جون (اے پی پی ): حکومت پنجاب کی ہدایات پرہر ماہ کے پہلے2 ورکنگ ڈیز پرریونیو عوامی خدمت سروسزکے تحت کچہری لگانے کا سلسلہ جاری ہے، اس ضمن میں ضلع بھر کی تینوں تحصیلوں میں دوسرے روز بھی کچہریاں  لگائی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر نے میونسپل کارپوریشن ہال میں محکمہ مال سے متعلقہ شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے میرٹ پر درخواستیں نمٹائیں اور سائلین کو ریلیف فراہم کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنرنے کھلی کچہری کے دوران عوامی مسائل سنتے ہوئے واضح کیا کہ لوگوں کے مسائل سے روگردانی کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تحصیل سطح پر ریونیو عوامی خدمت سروسز کے تحت لوگوں کے مسائل موقع پر حل کئے جارہے ہیں، محکمہ مال عوامی خدمت میں پیش پیش ہے اور ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کے انعقاد سے نہ صرف لوگوں کے مسائل حل ہورہے ہیں بلکہ ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے،یہی وجہ ہے کہ کچہری کوہر ماہ کے پہلے دوورکنگ دنوں میں لگا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر نے  بتایا کہ ایک چھت تلے لوگوں کے محکمہ مال سے متعلقہ مسائل سن کر ان کا ازالہ کیاجارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کچہری کے دوران شہریوں نے درستگی ریکارڈ، فرد کے اجراء، انتقالات کے اندراج، رجسٹری، انکم سرٹیفکیٹ، ڈومیسائل کے اجراء سمیت محکمہ مال سے متعلقہ مسائل وشکایات پیش کیں جن کے تیز رفتار حل کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مال کے افسران، اراضی ریکارڈ سنٹر کے سٹاف کو بھی کچہریوں میں حاضری یقینی بنانے کا پابند کیا گیا ہے۔شہری ریونیو سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے متعلقہ تحصیل آفس سے ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو رجوع کرسکتے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ بلال بن عبدالحفیظ، محکمہ مال کے دیگر افسران،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زلینڈ ریکارڈ،تحصیلدارز،نائب تحصیلدارز اور پٹواری بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنربھوانہ اور اسسٹنٹ کمشنر لالیاں نے اپنی اپنی تحصیلوں میں محکمہ مال سے متعلقہ شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے میرٹ پر درخواستیں نمٹائیں اور سائلین کو ریلیف فراہم کیا گیا۔