چنیوٹ،27 جون (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر نگرانی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے دریائے چناب ٹی ڈی سی پی پوائنٹ پر دوسری پری فلڈ موک ایکسر سائز کا انعقاد کیا گیا۔ ان فرضی مشقوں میں پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ،محکمہ صحت، محکمہ ایجوکیشن، محکمہ لائیو اسٹاک، محکمہ سول ڈیفنس اور محکمہ سوشل ویلفیئر نے حصہ لیا۔
ان مشقوں کا مقصد سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے، ان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے، فلڈ آپریشن میں استعمال ہونے والے آلات کو چیک کرنے اور اداروں کے درمیان روابط کو بہتر کرنا تھا۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے انسیڈنٹ کمانڈر پوسٹ، ریسکیو ڈیزاسٹر کیمپ ،میڈیکل کیمپ سمیت دیگر کیمپوں کا معائنہ کیا اور سیلاب کے دوران ریسکیو اینڈ ریلیف کیلئے استعمال ہونے والے آلات کا جائزہ لیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچانے ،سیلاب میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت باہر نکالنے، کشتی رانی ،میڈیکل ڈیمو کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
ریسکیو 1122 چنیوٹ کی طرف سے لگائے جانے والے کیمپس میں رجسٹریشن پوائنٹ، میڈیکل کیمپ، انسڈنٹ کمانڈ پوسٹ اور سیلاب میں استعمال ہونے والے سازوسامان شامل تھا۔ محکمہ ہیلتھ، ایجوکیشن، سول ڈیفنس،سوشل ویلفیئر اور دیگر محکموں کی جانب سے بھی ریلیف کیمپس لگائے گئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر طاہرہ خان نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر مکمل بریفنگ دی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اور ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی ہدایات کی روشنی میں فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد ضلعی انتظامیہ اور دیگر تمام سرکاری محکمہ جات کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دریا کے قریبی علاقوں میں 72 کمیونٹی ریسپانس سنٹرز بنائے گئے ہیں جہاں فرسٹ ایڈ کے حوالے سے سامان اور ٹرینڈ ریسکیو محافظ موجود ہوتے ہیں جو کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کے پہنچنے سے پہلے لوگوں کو مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 نے فلڈ سیزن 2022 کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کیپٹن (ر) ندیم ناصر کا کہنا تھا کہ انتظامیہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 اور متعلقہ ادارے کی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور کامیاب فرضی مشقیں کرنے پر تمام ریسکیو آفیسرز، ریسکیور اہلکاروں اور ریسکیو محافظ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور مبارکباد دی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران عصمت پنوں ،انچارج پی ڈی ایم محمد معاز و دیگر ضلعی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔