چنیوٹ؛ ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر کا مارکیٹوں کا دورہ، اشیاء کے معیار اور قیمتوں کو چیک کیا

6

چنیوٹ ، 23 جون (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر نے جمعرات کو یہاں پرائس کنٹرول مکینزم پر عملدرآمد کو چیک کرنے کیلئے مارکیٹوں کا دورہ کیا  جہاں انہوں نے  دکانوں پر ریٹ لسٹوں کی موجودگی، اشیاء کے معیار اور قیمتوں کو چیک کیا۔  ڈپٹی کمشنر نے لاہور روڈ مارکیٹ میں سبزی، فروٹ اور چکن کی دکانوں پر اشیاء کے معیار اور قیمتوں کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے وہاں خریداری کے لیے آئے شہریوں سے قیمتوں کے حوالے سے گفتگو بھی کی۔

ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ روزانہ کی ریٹ لسٹ کو واضع طور پر آویزاں کریں تاکہ خریداروں کو سرکاری ریٹ کا پتہ چل سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ریٹ سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سرکاری نرخوں پر اشیاء کی فروخت کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، کسی کو بھی ذخیری اندوزی اور گرانفروشی کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔