اسلام آباد،17جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ نے ترک سفیر کو بطورسفیر اپنی مدت کامیابی سے مکمل کرنے پرمبارکباد دیتے ہوئے ان کی نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ترک سفیر مصطفیٰ یرداکل نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی بھی ملاقات میں موجود تھے ۔
صادق سنجرانی نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر سفیر کی خدمات کو سراہا اورپاکستان اور ترکی کا تجارت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے، مختلف علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے کی اہمیت کو اجاگر کیا اورکہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے تعلقات ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاک ترک تعلقات کو دونوں ممالک کے باہمی مفاد کیلئے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارت، آئی ٹی اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے ترک سفیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی پاکستانیوں کے دلوں میں بحیثیت برادر ملک ایک خصوصی مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔
ترکی کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں ۔انہوں نے امید ظاہرکی کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گی۔