ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا  کا چیک پوسٹ کوٹ سبزل کا سرپرائز وزٹ

14

رحیم یار خان،17 جون(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے سندھ پنجاب بارڈ رپر قائم چیک پوسٹ کوٹ سبزل کا سرپرائز وزٹ کیا اور انہوں  نے چیک پوسٹ پر تعینات محکمہ خوراک، لائیوسٹاک، زراعت اور محکمہ صحت کے اہلکاران کی حاضری چیک کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پنجاب سے سندھ جبکہ سندھ سے پنجاب میں داخل ہونے والی ٹرانسپورٹ کی کڑی مانیٹرنگ کر رہی ہے،کھاد، گندم اور آٹا کی غیر قانونی نقل و حرکت روکنے کے لئے ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر  8چیک پوسٹس بنائی گئی ہیں اور کہا کہ سندھ سے پنجاب میں داخل ہونے والی مویشیوں کی گاڑیاں بھی چیک کی جا رہی ہیں،مویشیوں کو لمپی سکن سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کا سرٹیفکیٹ رکھنے والی گاڑیوں کو پنجاب میں داخلے کی اجازت ہے۔

ڈپٹی کمشنر  نے کہا کہ سندھ پنجاب بارڈر کی چیک پوسٹس داعوالہ اور کوٹ سبزل پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جا رہے ہیں اور کہا کہ محکمہ زراعت، لائیو سٹاک اور خوراک کا عملہ چیک پوسٹس پر 24گھنٹے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔