آئین پاکستان ملک میں تمام مذاہب اور مکاتب فکر کو مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی دیتا ہے؛وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ

13

اسلام آباد ، 7 جولائی (اے پی پی ): وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ آئین پاکستان ملک میں تمام مذاہب اور مکاتب فکر کو مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی دیتا ہے۔بین المکاتب فکر مذہبی ہم آہنگی کیلئے اسلامی تحریک پاکستان کی کاوشیں قابل ستائیش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے مرکزی سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میسمی کی قیادت میں آئے وفد سے گفتگو میں کیا،وفد نے جمعرات کو یہاں وزیر داخلہ سے ملاقات کی  ، جس دوران محرم الحرام کی  آمد اور مکتب ِتشیع کو درپیش مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے محرم الحرام کے دوران ملک میں امن امان کو یقینی بنانے اور مسائل کے حل کے حوالے سے  مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کرائی جبکہ ایام عزائے سفیرحسینیت کے دوران لاہور میں واقع دربار بی بی پاک دامنہ کوزائرین کیلئے کھولنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، زائرین کیلئے مزار بی بی پاک دامنہ کو 8 جولائی سے 15 جولائی کیلئے کھولا جائیگا۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ  نے کہا کہ تمام مذاہب اور مکاتب فکر کا دلی احترام کرتا ہوں، اکابرین سے رابطے میں رہتا ہوں،محرم الحرام کے دوران امن وامان یقینی بنانے کیلئے تمام مذہبی رہنماؤں سے مشاورت کی جائیگی۔

مرکزی سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میسمی نے کہا کہ بی بی پاک دامنہ کے ایام سفیر حسینت کیلئے کھولنے پر بہت مشکور ہیں۔ یہ ایک دیرینہ مطالبہ تھا، مزار بند ہونے سے زائرین کو مذہبی رسومات ادا کرنے میں بہت دقّت تھی۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے حقوق کی یکساں طور پر ادائیگی کیلئے حکومت کے عملی اقدامات بہت قابل تعریف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں واقع مزار بی بی پاک دامنہ تعمیرات کی وجہ سے گذشتہ دو سال سے بند تھا۔ اسلامی تحریک پاکستان سمیت مکاتب اہل تشیع ایام عزائے حسینت کے دوران مزار بی بی پاک دامنہ کو زائیرین کیلئے کھولنے کا مطالبہ کررہے تھے۔

وفد میں اسلامی تحریک پاکستان کے سینیر وائس صدر علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ سید نذیر حسن عباس،سیکٹری اطلاعات زاہدعلی اخندزادہ، سمیت سید حسن ترمذی، قاسم علی قاسمی اور علامہ اسد نقوی شامل تھے جبکہ سابق اراکین اسمبلی ملک ابرار، انجم عقیل، سابق ڈپٹی میئراسلام آباد ذیشان نقوی سمیت دیگر معززین بھی ملاقات میں موجود تھے ۔