اٹک؛ایم پی اے جہانگیر خانزادہ کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو کا دورہ،عوام کی شکایات کا نوٹس لیا

5

اٹک،06جولائی ( اے پی پی ): مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی جہانگیر خانزادہ نے اے سی حضرو وقاص اسلم مارتھ ، سی ای او ہیلتھ اٹک ڈاکٹر جواد الٰہی ، ایم ایس ڈاکٹر شوکت محمود کے ہمراہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو کا دورہ کیا۔ جہانگیر خانزادہ کو ہسپتال کے بارے میں بریفنگ کے موقع پر معززین علاقہ نے مختلف شکایات  سنائیں۔

 اس موقع پر لیگی رکن اسمبلی نے  سرجن کا مطالبہ پورا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔انہوں نے ایکسرے اور دیگر شکایات کے حوالہ سے بھی احکامات جاری کئے اور کہا کہ دو ہفتوں بعد دوبارہ دورہ کرونگا اس دوران تمام شکایات ختم ہو جانی چاہئیں۔

 بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی جہانگیر خانزادہ  نے ہسپتال کے مختلف حصوں اور ایمرجنسی کا دورہ کیا اور مریضوں سے بات چیت کی۔ جہانگیر خانزادہ نے آخر میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال حضرو میں مزید بہتری لائیں گے ، میٹنگ میں اٹھائے گئے معاملات حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے فری ادویات و سہولیات فراہم کررہے ہیں جبکہ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں کینسر کا علاج فری کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چھچھ کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کیلئے مزید اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔