رحیم یار خان؛ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کا ٹی ایچ کیو ہسپتال لیاقت پور اور دیہی مرکز صحت فیروزہ کا دورہ

2

رحیم یار خان،05 جولائی  (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیاقت پور اور دیہی مرکز صحت فیروزہ کا اچانک دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لیاقت پور میں لیڈی ڈاکٹر کی غیر حاضری پر سی ای او ہیلتھ اتھارٹی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سی ای او فوری تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ  کریں اور ہسپتال میں انتظامی امور کو مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے تمام وارڈز میں مریضوں کی سہولت کے ائیرکنڈیشن ہمہ وقت فنکشنل ہونے چاہئے ۔

ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سروسز کے معیار میں بہتری حکومت اور انتظامیہ کی ترجیح ہےجس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور ڈاکٹرز،  سٹاف، ادویات کی ہسپتالوں میں دستیابی یقینی بنائی جائے گی ۔انہوں نے فیروز دیہی مرکز صحت میں بھی ڈاکٹر و عملہ کی حاضری یقینی بنانے اور بہترین سروسز فراہم کرنے کی ہدایت کی۔