رحیم یار خان؛ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کا مویشی منڈیوں کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا

19

 

رحیم یار خان،05 جولائی  (ا ے پی پی): ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے رحیم یار خان ، صادق آباد اور لیاقت پور میں انتظامیہ کی جانب سے قائم عارضی مویشی منڈیوں کا دورہ کیا اور ضروری انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز عظمان چوہدری،  محمد سلیم آسی، سرمد علی بھاگت اور دیگر حکام موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عید قرباں کے موقع پر حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی سہولت کے لئے ضلع کی چاروں تحصیلوں میں 6 عارضی مویشی منڈیاں قائم کی ہیں تاکہ شہری با آسانی عارضی سیل پوائنٹس پر آکر قربانی کے فریضہ کے لئے مویشی خرید  سکیں ۔انہوں نے کہا کہ منڈی مویشی میں بغیر ماسک کسی کو داخلے کی اجازت نہ دی جائے ،فروخت کنندگان اور خرید ماسک پہن کر مویشی منڈیوں میں آئیں اور شہری کم عمر بچوں کو مویشی منڈیوں میں لانے سے احتیاط برتیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں میں فروخت کنندگان اور خریداروں کو سخت موسم سے محفوظ رکھنے کے لئے انتظامات یقینی بنائیں اور مویشیوں کو سایہ دار جگہوں پر کھڑا کریں جبکہ پینے کا صاف پانی،  واش رومز سمیت دیگر بنیادی سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے ۔

ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے محکمہ لائیوسٹاک کے سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جلد کی بیماری میں مبتلا جانوروں کو ضلع میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس مقصد کے لیے ضلع کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پہلے ہی چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں بھی بیمار جانوروں کو فروخت نہ ہونے دیا جائے  جبکہ جانوروں کو کانگو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے سپرے کئے جائیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے مویشی منڈی میں آئے بیوپاریوں سے بھی سہولیات بارے معلومات حاصل کیں اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کی عارضی سیل پوائنٹس کے علاوہ شہری حدود میں مویشیوں کی خرید و فروخت پر عائد پابندی پر عملدرآمد کرایا جائے  اورمویشی منڈیوں میں سیکورٹی کے بہترین انتظامات کے ساتھ ٹریفک پلان بھی مرتب کیا جائے ۔