سکھر: مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا

7

سکھر، 04 جولائی(اے پی پی):  دریائے سندھ کے کنارے واقع سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے، سندھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی برسات ہوئی،برسات کے بعدگرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے ، برسات کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا  ہے  جبکہ  تفریحی مقامات پر رش بڑھ گیا ہے، بارش کے باعث بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے،متعدد فیڈر ٹریپ ہوگئے ہیں۔

 وقفے وقفے سے ہونیوالی بارش کے باعث مختلف زیریں مقامات، سڑکوں اور  محلوں میں پانی جمع ہو گیا،علاقے تالاب کا نقشہ پیش کر رہے ہیں جبکہ  بارش کے باعث کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ سکھرکے علاقوں پرانا سکھر، نیوتاپنڈ، مائیکرو کالونی، بھوسہ لائن، مینارہ روڈ، گولیمار، گھنٹہ گھر، غریب آباد، اسٹیشن روڈ، حسینی روڈ اور دیگر علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے۔

بارش کا آغاز ہوتے ہی سکھر، گھوٹکی، خیرپور، جیکب آباد، کندھ کوٹ، لاڑکانہ سمیت مختلف علاقوں میں بجلی فراہم کرنیوالے سیپکوکے درجنوں فیڈر ٹرپ ہو گئے جس کے نتیجہ میں علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، بارشوں سے قبل انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سکھرسمیت بالائی و شمالی سندھ کے دیگر شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی تھی۔