عمران خان کو عوام کے مسائل اور ریلیف سے کوئی غرض نہیں؛ وفاقی وزیر تخفیف غربت شازیہ مری

26

اسلام آباد،4جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر تخفیف غربت شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان کو عوام کے مسائل اور ریلیف سے کوئی غرض نہیں، گزشتہ دور میں معیشت کی بہتری کے لیے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔

ان خیالات کا   اظہار انہوں نے  پیر کو یہاں پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر  شازیہ مری نے کہا کہ ہمیں سابق حکومت سے بے شمار مسائل ورثے میں ملے، عمران خان کو صرف کرسی سے پیار ہے،جب عمران خان کی حکومت کو جمہوری طریقے سے فارغ کیا گیا تو ملک کے حالات بہت خراب تھے،ملک دیوالیہ ہونے جارہا تھا۔حکومت کا کام ملک کو مشکلات سے نکالنا ہے،پاکستان انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا،مشکل فیصلے کئے ہیں تاکہ اس وقت کے اقتصادی حالات کو بہتر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ  عمران خان حکومت اور اپوزیشن میں صرف مخالفین کو نشانہ بناتے رہے۔

وفاقی وزیر تخفیف غربت شازیہ مری  نے کہا کہ عمران خان نے ڈالر کی قیمت بڑھا کر مہنگائی کا عذاب مسلط کیا۔ ان کے دور میں ڈالر 118 سے  189 پر پہنچا،عمران خان نے  آئی ایم ایف سے کیا معاہدہ اپوزیشن کو نہیں بتایا تھا، آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدہ کیا ،اس پہ شرائط سخت تھیں،ادھر دستخط کرآئے لیکن ادھر عمل نہ کیا۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے محنت کی کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا جائے اور مشکل فیصلے کئے گئے۔یہی وجہ ہے کہ وہ محنت کرکے بھی تنقید برداشت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے گزشتہ 4 سال میں کوئی اچھا فیصلہ نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ عمران خان اپنی کارکردگی کا حساب نہیں دیتا۔

شازیہ مری  نے کہا عمران خان گزشتہ چار سال کا حساب دو۔آپ نے اپنے دور حکومت میں  پاکستان کے لئے کیا کیا۔عمران خان کی حکومت میں اتنے سیکنڈلز آئے۔وہ ان کی وضاحت نہیں کرتے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فرح گوگی  کے لئے ایک پریس کانفرنس کردی ان کو ایسے کام زیب نہیں دیتے۔عمران خان سے پوچھتی ہوں کہ وہ تووزیراعظم ہاوس کو یونیورسٹی بنا نا چاھتے تھے ۔وہ بتاتے تھے کہ فلاں ملک کا وزیراعظم سائیکل پہ آفس جاتا ہے۔لیکن اس نے ایسا کچھ نہیں کیا۔وہ بس ڈرامہ کرتے رہے۔