عوام کی فلاح و بہبود کے کاموں میں ہر ممکن تعاون فراہم کروں گا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

20

لاہور، جولائی 4(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے  روٹری انٹرنیشنل پاکستان کے وفد نے ملاقات کی جس میں ملک بھر میں جاری پولیو  مہم، تعلیم اور دیگر فلاحی امور پر گفتگو کی گئی۔وفد کی قیادت ڈاکٹر شاہینہ آصف چوہدری اور محمد عرفان چوہدری نے کی جبکہ وفد کے دیگر ارکان میں ردا عرفان، میجر (ر) سہیل انور، میاں آفتاب مجید، انعام الحق پاشا اور تبسم وحید شامل تھے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روٹری کلب تعلیم ،صحت اور سماجی شعبوں میں اچھا کام کر رہا ہے۔روٹری کلب جیسی تنظیمیں معاشرے میں ایک مثبت کردار ادا کر رہی ہیں. انھوں نے کہا کہ پولیو کے حوالے سے عوام میں آگہی پیدا کرنا ایک نیک مقصد ہے۔

گورنر پنجاب نے پولیو مہم کے حوالے سے روٹری انٹرنیشنل پاکستان کے تعاون کو بھی سراہا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ روٹری انٹرنیشنل پاکستان کا پولیو مہم کے حوالے سے  حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون  اور  آگہی مہم میں کردار قابل تعریف ہے. عوام کی فلاح بہبود کے کاموں میں ہر ممکن تعاون فراہم کروں گا. تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کی کردار سازی پہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ ماحولیات سے متعلق  سموگ اور دیگر مسائل کے حل کے لیے تعلیمی اداروں اور دیگر تنظیموں کو مل کر حکومت کا ساتھ دینا چاہئیے. جامعات  میں ماحولیات کے مسلے کے حوالے سے کنسورشیم بنانے کے پلان پر کام ہو رہا ہے.  جامعات میں کارکردگی کو بہتر بنانے نے لیے  جلد وائس چانسلرز کی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔وفد نے سماجی کاموں میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ گورنر پنجاب کو روٹری کلب لاہور ایجوکیٹر کی اعزازی ممبر شپ بھی دی۔وفد نے محمد بلیغ رحمان صاحب کو گورنر پنجاب بننے پر مبارکباد بھی دی۔