ملک میں آئندہ درآمدی ایندھن پر کوئی بجلی گھر نہیں لگایا جائے گا ، نئی گیس سکیموں کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ، شمسی توانائی کی جامع پالیسی کا اعلان جلد کیا جائے گا؛ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزراء کی پریس بریفنگ

3

اسلام آباد،4جولائی  (اے پی پی): وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزراء،  وزیر توانائی خرم دستگیر، وزیر سرمایہ کاری چوہدری سالک حسین، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک اور مشیر برائے امور کشمیر قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ  وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں آئندہ درآمدی ایندھن پر کوئی بجلی گھر نہیں لگایا جائے گا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں تین گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ نہیں ہونی چاہئے، وزارت بجلی واجبات کی وصولی اور بجلی چوری کی روک تھام کے حوالہ سے ڈسکوز کا تفصیلی موازنہ دو ہفتے میں پیش کرے جس کو سامنے رکھ کر صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے اقدامات اٹھائے جائیں گے، نئی گیس سکیموں کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی، شمسی توانائی کی جامع پالیسی کا چار ہفتوں میں اعلان کر دیا جائے گا، تربیلا پاور سٹیشن اور کے۔ٹو پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار بڑھنے سے عید کے دنوں میں لوڈ شیڈنگ میں ریلیف ملے گا، مختلف منصوبوں سے آئندہ موسم گرما تک 7 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی، ایک سال میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے واجبات کی وصولی اور آپریشن بہتر ہو جائے گا، میٹر ریڈنگ کی شکایات کے خاتمہ کیلئے رواں سال کے آخر یا آئندہ سال کے اوائل سے صرف سمارٹ میٹرز ہی لگائے جائیں گے۔