موٹروے پولیس کے افسران ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں، سیکٹر کمانڈر 

5

ملتان، 05 جولائی(اے پی پی): سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا محمد اسماعیل نے کہا کہ موٹروے پولیس کے افسران ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں،موٹرویز پر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور  ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا موٹروے پولیس کا طرہ امتیاز ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدالاضحیٰ کے سلسلہ  میں افسران و ملازمان سے سیکٹر آفس میں میٹنگ  میں کیا۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل خالد محمود کی ہدایات پر ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید کے احکامات کی روشنی میں سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے عیدالاضحیٰ کے سلسلہ  میں افسران و ملازمان سے میٹنگ  کی جس میں تمام بیٹ ہائے،ڈی ایس پیز اور آفیسران نے  شرکت کی۔ سیکٹر کمانڈر نے بتایا کہ عید الاضحیٰ  کی آمد ہے شہریوں نے اپنے پیاروں کے ساتھ عید کرنی ہوتی ہے اس لیے موٹروے پر ٹریفک کا رش بڑھ جاتا ہے، ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے تمام بیٹ ہائے اضافی پیٹرولنگ موبائلز آؤٹ کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے، موٹرویز پر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا اور ٹریفک کا بہترین بہاؤ موٹروے پولیس کا فرض اولین ہے۔ موٹرویز پر دوران سفر شہریوں کو مدد کی صورت میں بروقت مدد فراہم کی جائے۔ کسی بھی گاڑی کے بریک ڈاؤن ہونے کی صورت میں ریکوری کی مدد سے  کیرج وے فوراً کلیئر کروایا جائے کیونکہ موٹرویز پر رکی ہوئی گاڑیاں حادثہ کا باعث بن سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے جاری کردہ مہم ڈرائیونگ لائسنس پر ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم کے نفاذ اور NOMore# کمپین پر عملدرآمد کرتے رہیں، موٹروے پولیس کے افسران ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں اور کہا  موٹرویز پر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا موٹروے پولیس کا طرہ امتیاز ہے۔